
آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم میں پیش آنے والے برفانی تودہمکانوں پر گرنے کے حادثے میں تودے تلے دبی ہوئی مزید 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادیٔ نیلم کے برفانی تودے کے نیچے دب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 64 ہو گئی ہے۔
آزاد کشمیر بھر میں برف باری اور خراب موسم کے باعث پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہو گئی۔
نیلم ویلی میں برفانی تودے گرنے سے 22 دکانیں اور 107 مکانات جزوی اور 91 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
ادھر گلگت بلتستان میں پھر برف باری شروع ہو گئی، استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برف پڑنے سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق برف باری آج شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلتستان میں پچھلے 26 سالوں میں یہ شدید ترین برف باری ہے، جس کی وجہ سے گلگت اسکردو روڈ 4 دنوں سے بند ہے۔
اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان فضائی سروس بھی کئی روز سے معطل ہے۔
بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متعدد مقامات پر بند ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے مکران کے ضلع کیچ میں 647 کچے مکانات اور بیرونی دیواریں گر گئی ہیں، ایک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں