جب پُورے عرب کے کُفّار کا اتّحاد مُٹھی بھرمسلمانوں کو صفۂ ہستی سے مٹانے مدینہ کی طرف بڑھ رہا تھا اور مُحمدﷺ کے ساتھی اپنی بقا کے لیے مدینے کے گرد خندق کھود رہے تھے تو ایسے مُشکل وقت میں بھی مُحمدﷺ اپنے ساتھیوں کو اللہ کی نُصرت اور مشرق و مغرب کی سلطنتوں کی فتح کی نوید سُنا رہے تھے اورمُحمدﷺ کے ساتھی اس حال میں بھی اُن کی باتوں پر ایمان جیسا یقین رکھے ہوئے تھے جب اُنسے بیسیوں گُنا بڑا بڑا دُشمن اُنکا نام و نشان مٹانے کے لیے مدینے کا مُحاصرہ کیے ہوئے تھا۔
اُنکی اس طاقت کا راز سمجھانے کے لیے سُورۃ النصر اورسُورۃ لہب کے بعد قُرآن سُورۃ اخلاص کو رکھتا ہے۔ یہ مُحمدﷺ اور اُنکے ساتھیوں کا اخلاص ہی تو تھا کہ مُحمدﷺ چند سو لوگوں کے ساتھ اُس وقت کی سُپر پاور کی سرحد پر پُہنچ کر اُنہیں للکارتے رہے لیکن اُس وقت کی سُپر پاورکی اپنی سرحد پر للکارتے دُشمن کے سامنے آنے کی ہمت نہ ہوئی۔
مُسلمانوں کا اخلاص اُنکی طاقت تھا جس کا رُعب اُنکے دُشمنوں پر تو طاری ہوتا ہی تھا اسی اخلاص نے ہر طاقت کا رُعب اُنسے نکال دیا۔ سُورۃ اخلاص کو ایک تہائی قُرآن اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اسکا یقین ایسا اخلاص پیدا کرتا ہے کہ اُس اخلاص کا حامل عجائبات کا خالق بن جاتا ہے۔
ذرا سوچیے ایک اکیلا انسان جسکی پیدائش سے پہلے اُسکے والد کا انتقال ہو چُکا ہو.
جسکی پیدائش پر اُسکی لاورثی کے باعث کوئی دائی اُسکی رضائی ماں بننے کو تیّار نہ تھی ایک مانی بھی تو اس لیے کہ وہ کوئی اور بچّہ نہ ملنے پر خالی ہاتھ اپنے گاؤں نہیں لوٹنا چاہتی تھی۔
جسکی پیدائش کے چند ہی سال بعد والدہ بھی گُزر جائے جو نہایت مُشکلات اور غُربت کی زندگی گُزارتے جوان ہوا ہو جس نے جب اللہ سے پیغام پا کر اپنے قریبی لوگوں تک پُہنچایا تو بے پناہ تضحیک اور ذہنی تشدُد سہی،
اپنے کفیل چچا کی وفات کے بعد جسکو پُورے شہر میں کوئی پناہ دینے کو تیّار نہ تھا،
جسکے دُشمن ابُو لہب اور قُریش کے دیگر سرداروں جیسے طاقتور اور بارُعب لوگ تھے اُس انسان کے پاس وہ کونسی قُوّت تھی جس نے مکّہ سے ہجرت کرتے ہی ایک دہائی میں اُسکی ایسی مدد کی کہ عرب تو زیر نگیں آیا ہی بڑی سے بڑی سلطنتیں بھی بکھر گئیں۔
یہ قُوّت اخلاص ہی کی فراہم کردہ تھی۔ اخلاص اللہ کے احد ہونے کے یقین کے ساتھ اپنی زندگی کے مقصد کو احد کے مقصد سے ہم آہنگ کر دینے کا نام ہے۔ ۔۔۔
تحریر پسند آۓ تو زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ شیئر کیجیئے گا
شکریہ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں